اسلام آباد مذاکرات کا دوسرا دور، امریکی نائب صدر کا دورہ منسوخ، کسی بھی وقت دوبارہ طے ہوسکتا ہے، ذرائع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان موخر ہوگیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے جواب نہ دینے پر امریکی نائب صدر کا دورہ پاکستان موخر ہوا۔ معاملے سے باخبر امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ جے ڈی وینس کا دورہ کسی بھی وقت دوبارہ طے ہوسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران میں دو ہفتے کی جنگ بندی بدھ کو ختم ہونے والی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ ایران یا امریکا اگلا قدم کیا اٹھائیں گے۔ امریکی میڈیاکے مطابق مذاکرات کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ طویل المدتی معاہدے کے بغیر جنگ بندی میں توسیع نہیں چاہتے۔ دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں شرکت کیلئے وفد اسلام آباد بھیجنے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایرانی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ تاحال اسلام آباد میں مذاکرات میں شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جب بھی مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، ایران اس میں شرکت کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔