ماخذ: این این آئی
کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر اسلام آباد پولیس کے دھاوے، خواتین کو ہراساں کرنے، چادر وچار دیواری کی تقدس کی پامالی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہا ملک میں سیاسی، جمہوری احتجاج ملک کے ہر فرد کا بنیادی آئینی حق ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے سیاسی جمہوری احتجاج پر غیر آئینی، غیر قانونی اقدامات، ہراسمنٹ اور انسانی اقدار سے گری ہوئی طرز عمل ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت کےخلاف غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات کا تدارک کرتے ہوئے انہیں اور ملک کے سیاسی، جمہوری پارٹیوں اور افراد و اشخاص کا یہ آئینی حق اور اس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور ان کی پارٹی کے تمام گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے، ملک میں سیاسی جمہوری پارٹیوں کے خلاف ایسے اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔
