شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، سیکورٹی ذرائع

شمالی وزیرستان فورسز آپریشن

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

پشاور (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا، فتنہ الخوارج نے خالی رہائشی مکان میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ گن، ہیوی مشین گن، آرپی جی 7 اور بھاری ہتھیار برآمد ہوا، برآمد سامان میں آرپی جی 7 راﺅنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راﺅنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا معصوم شہریوں کی جانوں کیلئے بڑا خطرہ ہے، جدید اسلحے کی برآمدگی دہشتگردوں کے بیرونی روابط اور سپلائی چین کی نشاندہی کرتی ہے۔