ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کوئی نو گوایریا نہیں ایک ماہ سے تسلسل کے ساتھ پروگرام کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مثبت پالیسیوں سے متاثر ہوکر بلوچستان کی خواتین کی بڑی تعداد جوق در جوق شامل ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پارٹی صوبے میں مزید مضبوط اور فعال ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، مریم لیاقت ، جہانگیر شاہ، حیدر اچکزئی، طارق گل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹی فعال اور مضبوط ہے اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں تمام کارکن اور عہدیدار ایک پیج پر متحد اور متفق ہیں پارٹی میں جو شخص انتشار کا پھیلائے گا اس کو آئین کی خلاف ورزی کرنے پر فارغ کردیا جائے گا۔اس لئے پارٹی کے ذمہ داروں کے خلاف سوشل میڈیا پر من گھڑت پوسٹس شیئر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی فعالیت اور وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی مثبت پالیسیوں سے متاثر ہوکر بلوچستان کی خواتین اختر بی بی اور زینت شاہوانی سمیت دیگر کی قیادت میں جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہی ہیں اس حوالے سے بلوچستان کو نو گو ایریا کہنے والے دیکھ سکتے ہیں کہ ہم گزشتہ ایک ماہ سے کوئٹہ میں مسلسل پروگرام کرکے اس کٹھن ماحول میں حالات کا مقابلہ کررہے ہیں جس میں سب سے زیادہ خواتین پارٹی میں فعال کردار ادا کررہی ہیں۔ جس کی بدولت ہر شعبے میں ایک خاتون کارکن چار مردوں کے برابر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے اور بلوچستان کی خواتین وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے متاثر ہوکر گھروں سے نکل کر مردوںکے شانہ ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے سیاسی میدان سمیت تمام شعبوں میں آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے سابق ادوار میں جو قربانیاں دیں اور وہ مضبوطی سے ڈٹی رہی اور حالات کا مقابلہ کرکے پارٹی کو منظم اور فعال رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اور آج صوبہ پنجاب کی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں بھی روز بروز فعال ہوتی جارہی ہے اور خواتین سمیت دیگر شخصیات جوق درجوق شامل ہورہی ہیں جوکہ پارٹی قائدین کی مثبت پالیسیوں اور کارکنوں کی کاوشوں اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
