صوبائی حکومت تاجروں کو جاری نوٹسز واپس لیکر حالات کے مطابق ٹیکس لے، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ بی ایریاز میں تاجروں کو ایک مرتبہ پھر سیلز ٹیکس کے نوٹسز کا اجرا انتہائی تشویشناک ہے، عوام اور کاروباری طبقہ پہلے ہی انکم ٹیکس، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور دیگر مختلف ٹیکسز کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں، بنیادی سہولیات کا نام و نشان نہیں جبکہ ٹیکسوں کی بھرمار نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے تاجروں کو مزید معاشی دباﺅ میں مبتلا کرنے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کریں اور کاروباری طبقے کے جائز تحفظات کو سنجیدگی سے حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، تاجر نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن افسوس کہ مسلسل ٹیکسوں کے نفاذ اور مختلف محکموں کی جانب سے مالی تقاضوں نے تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔ ایک طرف مہنگائی اور کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب عوام کی قوت خرید میں کمی کے باعث مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ تاجروں کو پہلے ہی انکم ٹیکس سمیت مختلف مدات میں ٹیکسز کی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے، بجلی اور گیس کے بلوں میں بھاری ٹیکسز نے بھی کاروباری طبقے کو شدید مالی دباو¿ میں مبتلا کر رکھا ہے، ایسے حالات میں بی ایریاز کے تاجروں کو دوبارہ سیلز ٹیکس کے نوٹسز جاری کرنا ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ تاجروں کی مالی مشکلات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھیں، نہ کہ پہلے سے پریشان کاروباری طبقے پر مزید بوجھ ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس وصولی ریاستی نظام کا حصہ ہے، تاہم ٹیکسوں کا نظام منصفانہ، شفاف اور کاروباری حالات کے مطابق ہونا چاہیے۔ جب شہریوں اور تاجروں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، کاروبار کے فروغ کے لیے سازگار ماحول موجود نہیں اور کاروباری طبقہ مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے تو ایسے میں مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے سے کاروباری سرگرمیاں مزید سکڑنے کا خدشہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور ٹیکس نظام کو آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر پہلے ہی محدود وسائل کے ساتھ اپنے کاروبار چلا رہے ہیں، ان کے لیے ملازمین کی تنخواہیں، دکانوں کے کرائے، یوٹیلیٹی بلز اور دیگر اخراجات پورے کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ایسے میں مسلسل نوٹسز اور ٹیکسوں کے تقاضے تاجروں میں بے چینی اور عدم تحفظ پیدا کر رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ تاجروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لیں اور کسی بھی فیصلے سے قبل ان کے تحفظات سنیں۔ کاشف حیدری نے حکومت اور متعلقہ ٹیکس حکام سے مطالبہ کیا کہ بی ایریاز میں تاجروں کو جاری کیے گئے سیلز ٹیکس نوٹسز پر فوری نظرثانی کی جائے، ان کے تحفظات دور کیے جائیں اور کاروباری طبقے کو مزید مالی مشکلات سے بچانے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجروں کو دیوار سے لگانے اور ان کے جائز مطالبات نظرانداز کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، بصورت دیگر تاجر اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

محمد یوسف
رپورٹر
محمد یوسف

محمد یوسف روزنامہ بلوچستان نیوز کے رپورٹر ہیں اور کوئٹہ سے خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔ انہیں صحافت کے شعبے میں 15 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے، اور وہ کوئٹہ اور گرد و نواح کے واقعات، مقامی مسائل اور تازہ ترین خبروں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔