مستونگ میں فورسز کا آپریشن، اہم کمانڈر یاسر پرکانی سمیت 27 دہشت گرد ہلاک، سیکورٹی ذرائع

مستونگ میں فورسز کا آپریشن

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقے کڑم ویلی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران مزید 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن دو مراحل میں مکمل کیا گیا، پہلے مرحلے میں 15 جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کا اہم مقامی کمانڈر یاسر پرکانی بھی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور خودساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔