ماخذ: یو این اے
چاغی، کوئٹہ (آن لائن، یو این اے) پاک ایران سرحد دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کے لیے عارضی طور پر بندکردیا گیا ہے ضلعی انتظامی کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سرحد کی بندش کا مقصد بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانا اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید تقویت دینا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک عارضی اقدام ہے اور سرحدی نظم و ضبط کے لیے موثر و جامع اقدامات مکمل ہوتے ہی پاک ایران سرحد کو دوبارہ عام آمدورفت اور تجارت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ دریں اثناءپاک-ایران بارڈر کی عارضی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری مختلف افواہوں اور خدشات کے پیشِ نظر واضح کیا گیا ہے کہ بارڈر کی وقتی بندش کا مقصد انتظامی امور کو درست کرنا اور مستقل سیکیورٹی فریم ورک قائم کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق سرحدی سرحد کے دونوں اطراف سیکیورٹی خدشات کے دیرپا حل، غیر قانونی اسمگلنگ کی مکمل روک تھام اور ایک جامع و مربوط بارڈر مینجمنٹ سسٹم وضع کرنے کے لیے عارضی طور پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامی امور کی بہتری اور درپیش مسائل کے یکسوئی کے لیے دونوں ممالک کے اعلی حکام کے درمیان مثبت رابطہ و پیش رفت جاری ہے، جس کے نتیجے میں سرحد کو جلد از جلد دوبارہ کھولے جانے کا قوی امکان ہے۔توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان اصلاحی اقدامات سے نہ صرف اسمگلنگ اور بدامنی پر قابو پانے میں مددد ملے گی بلکہ آنے والے دنوں میں قانونی تجارت اور تاجر برادری کو بھی مزید سہولیات میسر آئیں گی۔تجارتی و عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت کے ان مثبت انتظامی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ سرحد کی بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کی روانی کے لیے معاملہ جلد منطقی انجام تک پہنچے گا۔
