ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بناتے ہوئے عوام کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں پہلے مرحلے میں صوبے کی تمام میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری اور ضروری آلات سے لیس کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں یونین کونسلز، چھوٹے ٹا¶نز اور دیہی علاقوں تک اس سہولت کو توسیع دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آفس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے میونسپل سروسز انیشی ایٹو 2026 کے تحت لوکل گورنمنٹ اداروں کو جدید مشینری کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے لوکل گورنمنٹ نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری نے منصوبے کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں صوبائی وزرائ، میر شعیب نوشیروانی، میر صادق عمرانی، میر سلیم خان کھوسو، میر ظہور احمد بلیدی، حاجی علی مدد جتک، میر عاصم کرد گیلو، ملک نعیم بازئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ر¶ف بلوچ، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر کوئٹہ، دیگر اعلیٰ حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کا دن بلوچستان کے لیے اہم ہے، بالخصوص ان رفقاءکے لیے جو صوبے کے عوام کی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں بلوچستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس کے تحت میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہروں میں صفائی ستھرائی اور میونسپل سروسز کا نظام بہتر بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ کا نظام موجود ہے اور صوبہ ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے ہیں۔ مقامی حکومتوں کی موجودہ مدت فروری 2027 میں مکمل ہو رہی ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ حکومت بلوچستان آئندہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کا حیلہ یا بہانہ نہیں کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتخابات کے بعد میونسپل کمیٹیوں کی سطح پر عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور اداروں کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ لوکل گورنمنٹ وہ نظام ہے جس کی براہ راست رسائی عام آدمی تک ہے اور اسے م¶ثر بنانے سے گورننس کے معیار میں بہتری آتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس انسانی وسائل محدود ہیں جبکہ عوامی ضروریات اور میونسپل سروسز کا دائرہ وسیع ہے۔ دنیا جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کی طرف بڑھ رہی ہے، اس لیے صرف انسانی قوت کے ذریعے صفائی کا نظام م¶ثر بنانا ممکن نہیں۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل سروسز کے لیے جدید مشینری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس میونسپل سروسز پر ہے اور دستیاب فزیکل اسپیس کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے شہروں میں صفائی، نکاسی آب اور کچرے کی منتقلی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے دیگر شعبوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے اور صوبے کے اسکولز اور صحت کے مراکز فعال کیے جا رہے ہیں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں میونسپل کمیٹیوں کو 15 کے قریب سیوریج سکشن ٹرکس، 87 سینی ٹیشن رکشے، 350 سے زائد گاربیج کنٹینرز، 500 ہینڈ کارٹس اور 700 سے زائد ڈسٹ بنز سمیت مختلف مشینری اور آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈ کارٹس اور سینی ٹیشن رکشے اس لیے بھی اہم ہیں کہ بلوچستان کے شہروں میں بہت سی تنگ گلیاں موجود ہیں جہاں بڑے ٹرک نہیں پہنچ سکتے۔ دوسرے مرحلے میں اس مشینری اور آلات کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضلعی حکومتوں کے فنڈز میں بھی اضافہ کیا ہے تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔ چمن شہر میں صفائی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے بیٹے کے انتقال پر وہ اور چیف سیکرٹری فاتحہ خوانی کے لیے چمن گئے تھے، راستے میں 12 سے 13 فٹ بلند کچرے کے ڈھیر دیکھے گئے۔ واپسی پر ڈپٹی کمشنر سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا گیا تو بتایا گیا کہ شہر میں کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے ڈمپنگ سائٹ موجود نہیں۔ تاہم موقع پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو سختی سے صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی اور اسی ڈپٹی کمشنر نے صورتحال کو چیلنج سمجھتے ہوئے پورے چمن شہر میں صفائی مہم شروع کی اور سالوں سے جمع کچرے کو ختم کیا جس سے چمن شہر میں صفائی اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے نظام میں نمایاں بہتری آئی وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی کا اہتمام سب سے پہلے اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول سے شروع کریں۔ حکومت مشینری اور وسائل فراہم کر سکتی ہے، تاہم صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عوام کا تعاون اور عملی شمولیت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو نئی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان سہولیات کے استعمال اور کارکردگی کا احتساب بھی ہوگا۔ صفائی کے نظام کی نگرانی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایسی ایپس متعارف کرائی گئی ہیں جن کے ذریعے شہری براہ راست چیف منسٹر سیکرٹریٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر صفائی میں غفلت یا کوتاہی کی صورت میں انتظامی افسران اور لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ عملے کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور سخت باز پرس کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے کوئٹہ کے لیے میٹرو ریلوے سروس شروع کی ہے جس سے عوام کو نئی سفری سہولت میسر آئی ہے، تاہم سروس کے آغاز کے بعد معمولی نوعیت کے ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر اعتراضات اور تنقید شروع کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کے چند نٹ بولٹ نکلنے کے واقعے کو کرپشن سے جوڑنا مناسب نہیں، یہ عوام کے لیے ایک نئی سفری سہولت ہے، اسے چلنے اور بہتر ہونے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت تنقید سے حکومت کو اپنی سمت درست کرنے میں مدد ملتی ہے، تاہم ہر معاملے کو منفی انداز میں دیکھنا مناسب نہیں، خصوصاً ایسی تنقید کچھ افراد کا وطیرہ ہے جو ہر اچھے منصوبے میں بھی منفی پہلو تلاش کرتے ہیں پولی تھین بیگز کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاپرز آلودگی میں اضافے اور صفائی کے نظام میں رکاوٹ کا ایک بڑا سبب ہیں۔ انہوں نے مشیر بلدیات کو ہدایت کی کہ پولی تھین بیگز کے خلاف مہم کی خود نگرانی کریں اور عوام و دکانداروں کو چار ماہ تک آگاہی فراہم کی جائے، جس کے بعد پورے بلوچستان میں پولی تھین بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے حکومت کو خدمت کا موقع دیا ہے اور اب متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فراہم کردہ مشینری اور وسائل کو م¶ثر انداز میں استعمال کریں۔ عام بلوچستانی جو سردیوں میں ٹھٹھرتا اور گرمیوں میں شدید گرمیوں میں جھلستا ہے اسے عملی طور پر محسوس ہونا چاہیے کہ صوبے میں تبدیلی آ رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشیر لوکل گورنمنٹ نوابزادہ امیر حمزہ زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی ادارے اسی محنت اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھتے ہوئے عوام کو بہتر میونسپل اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لوکل گورنمنٹ اسٹریٹجک منصوبے میونسپل سروسز انیشی ایٹو 2026 کا افتتاح کیا اور مشینری کا معائنہ کیا۔
