اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیپرا نے 58 ارب ڈالر کے بجلی پیداوار و ترسیل کے 11سالہ پلان کی منظوری دے دی۔ نیپرا نے انٹیگریٹڈ سسٹم پلان 2035-2025 کی مشروط منظوری دے دی ہے جس کے تحت آئندہ 11 سال میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے شعبوں میں مجموعی طور پر 58 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ نیپرا کے مطابق پلان میں 26 ہزار 45 میگاواٹ نئی پیداواری صلاحیت شامل کرنے کی تجویز ہے، جس میں 17 ہزار 485 میگاواٹ کمٹڈ اور 8 ہزار 560 میگاواٹ آپٹمائزڈ صلاحیت شامل ہوگی جبکہ 2 ہزار 577 میگاواٹ پرانی پیداواری صلاحیت ریٹائر کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ 2035 تک ملک کی مجموعی نصب شدہ پیداواری صلاحیت 62 ہزار 657 میگاواٹ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ منصوبے میں 8 ہزار 120 میگاواٹ نیٹ میٹرنگ بھی شامل ہے۔ منصوبے کے تحت اضافی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت پر 47 ارب ڈالر سے زائد لاگت متوقع ہے جبکہ ٹرانسمیشن منصوبوں کے لیے 10 ارب 65 کروڑ ڈالر درکار ہوں گے۔ ٹرانسمیشن نظام کی مضبوطی اور نئے گرڈ اسٹیشنز بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ نیپرا کے مطابق گوادر اور مکران کے لیے 40 میگاواٹ پاور پلانٹ کی گنجائش جبکہ دھابیجی میں 269 میگاواٹ ونڈ سولر ہائبرڈ منصوبہ بھی آئی ایس پی میں شامل کیا گیا ہے۔
نیپرا نے 58 ارب ڈالر کے بجلی پیداوار و ترسیل کے 11سالہ پلان کی منظوری دیدی
