ماخذ: یو این اے
کوئٹہ، لورالائی، تربت (یو این اے) کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون حاجی انار گلی میں فائرنگ کے واقعے میں عمران ولد احمد شاہ قوم درانی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی کارروائی کے بعد پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ موت کے اصل حقائق کا پتہ لگایا جا سکے۔ علاوہ ازیں سردار اشرف ٹرمینل کے قریب دس ویلر ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بخت محمد ولد سلطان محمد قوم ناصر سکنہ پٹھان کوٹ لورالائی موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کا بیٹا شفیع اللہ ولد بخت محمد، عمر تقریبا 14/15 سال شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک تحویل میں لیکر ڈرائیور حامد احمد ولد خدارحیم قوم مینگل سکنہ ڈیرہ اللہ یار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔ دریں اثناءتربت یونیورسٹی کے عقب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا پولیس کے مطابق تربت یونیورسٹی کے عقب سے برآمد ہونے والی خاتون کی شناخت ماہ گل بنت عزیز کے نام سے ہوئی ہے، جو کلگ سہرانی کی رہائشی بتائی جاتی ہیں۔ دریں اثنا تربت کے علاقے کرکینی میں مچھلی مارکیٹ کے قریب دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی اہلِ خانہ کی جانب سے رابطہ نہ کیے جانے کے باعث امانتا سپردِ خاک کردی گئی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
