صدر مملکت کے حکم سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ، گورنر کو ایڈمسٹریٹر مقرر کردیا گیا

صدر مملکت آصف زرداری

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد، پشاور (ویب ڈیسک) ایوان صدر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدرپاکستان کا خیبر پختونخوا میں آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات، امن وامان کی سنگین صورتحال پر ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی سمری پر دستخط کردیئے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کےنفاذ کی سمری پردستخط کردیئے، صدر نے آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج کی سمری پر دستخط کیے۔ ایوان صدر کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سرکاری تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشتگرد حملے بڑھے، صوبائی حکومت دہشتگردی اور لاقانونیت کے موثر تدارک میں ناکام رہی۔ اعلامیہ کے مطابق صدارتی اعلان آئین کے آرٹیکل 232(1) اور آرٹیکل 234(1) کے تحت جاری کیا گیا، ایمرجنسی کے نفاذ کیساتھ اعلان کیا گیا کہ صوبائی حکومت موجودہ حالات میں آئین کے مطابق نہیں چلائی جاسکتی۔ صدارتی ایوان فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور گورنر خیبر پختونخوا صوبے کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے حوالے سے صدارتی اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے بھی قانون ہاتھ میں لیا تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔