قلات میں ڈاکوﺅں نے بس کے مسافروں کو لوٹ لیا، کوئٹہ سے خاران جانیوالی کوچ پر فائرنگ

کوچ پر فائرنگ

قلات، کوئٹہ (یو این اے) اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹول پلازہ کے قریب مسلح افراد نے انور موورز کی کوچ کو روک کر گن پوائنٹ پر مسافروں سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے خلاف کوچ مالکان نے احتجاج کرتے ہوئے مڈوے کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کردیا، جس کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں ایس ایچ او سٹی قلات میر نذیر احمد عمرانی اور کوچ مالکان کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے، جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کردی گئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ سے خاران آنے والی مسافر بس پر پتکن کے مقام پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں حاجی عبدالرﺅف نوتانی زخمی ہوگئے۔ حاجی عبدالرﺅف نوتانی ڈرائیور کے پیچھے والی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی بس کے سائیڈ شیشے پر لگی، جس سے شیشے کے ٹکڑے ان کے کندھے، چہرے اور آنکھ پر لگے، جس کے باعث آنکھ متاثر ہوئی ہے۔ واقعے کے حوالے سے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو مبینہ طور پر خطرے سے متعلق اشارہ ملنے کے باوجود گاڑی کی رفتار مزید تیز کی گئی، جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔