راولپنڈی (پ ر) سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف جاری آپریشنز کے تسلسل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنزکیے گئے، ان ٹارگٹڈ آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اسی دوران سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ متعدد آپریشنز کیے، جہاں شدید جھڑپ کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
نوشکی اور کے پی کے ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک کردیے، آئی ایس پی آر
