اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ متعدد دہشت گردوں کی گرفتاری سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار اور مرد و خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں چھوڑیں گے۔ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ سیکورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
