اوستہ محمد اور نصیر آباد میں زرعی پانی کے بحران پر بلوچستان و سندھ وزراء کی اہم ملاقات

اوستہ محمد میں زرعی پانی کے مسئلے پر فیصل جمالی اور جام خان شورو کی ملاقات

اوستہ محمد( آئی این پی ) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو سے اہم ملاقات کرکے ضلع اوستہ محمد، نصیر آباد ڈویژن اور کھیرتھر کینال سے سیراب ہونے والے علاقوں کو درپیش زرعی پانی کی سنگین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران نہروں میں پانی کی فراہمی زرعی اراضی کو بروقت پانی کی دستیابی، کاشتکاروں کو درپیش مشکلات اور بین الصوبائی سطح پر پانی کی منصفانہ تقسیم سمیت مختلف اہم امور زیر غور آئے۔ سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے اوستہ محمد اور نصیر آباد ڈویژن کے زمینداروں اور کسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پانی کی کمی کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہو رہی ہیں اس لیے متاثرہ علاقوں کو فوری بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کو درپیش پانی کے مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید موثر بنایا جائے گا، تاکہ کاشتکاروں کو ریلیف مل سکے اور زرعی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔صوبائی وزیر سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے کہا کہ عوام کے مفادات کا تحفظ کسانوں کے مسائل کا حل اور زرعی شعبے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں اور حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ ضلع اوستہ محمد، نصیر آباد ڈویژن اور دیگر متاثرہ علاقوں کو زرعی پانی کی بروقت اور منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔