ماخذ: یو این اے
مستونگ (یو این اے) مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران دو افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں چار بچے، مزدور اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کھڈ کوچہ کے مختلف علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائیاں تیز کردی ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
