مولانا فضل الرحمن کو کہتا ہوں کہ آپ کے بغیر کے پی حکومت بنی اور چلے گی بھی، فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی

ماخذ: این این آئی

پشاور (این این آئی) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا کہتے تھے کہ کوئی بھی حکومت ان کے بغیر نہ بنتی ہے نہ چلتی ہے، میں کہتا ہوں آپ کے بغیر کے پی حکومت بنی اور چلے گی بھی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی گزشتہ روز کی تقریر سے مجھے بہت مایوسی ہوئی، مولانا فضل الرحمن سینئر سیاستدان ہیں، ان سے ایسی گفتگو کی توقع نہیں تھی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر مولانا فضل الرحمن کے موقف سے اتفاق نہیں کرتا، مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ وہ اپنے علاقے میں گھوم پھر نہیں سکتے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے مطابق صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی، مولانا نے کہا کہ گورنر راج کا نفاذ غلط ہے۔انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت امن و امان کے قیام کے لیے کوششیں نہیں کر رہی یہ کہنا درست نہیں، خیبر پختونخوا کی سابق حکومت کے فیصلے اسلام آباد کے بجائے کابل اور قندھار سے آتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے بعض مفرور عناصر سرحد پار بیٹھ کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن بتائیں لکی مروت، ٹانک اور بنوں میں کون سے پہاڑ اور معدنی وسائل موجود ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معدنی وسائل کو بروئے کار لانا ضروری ہے، غیرملکی کمپنیاں، پاکستانی کمپنیاں اور خیبرپختونخوا حکومت مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتی ہے، صوبے میں امن کے قیام کے معاملے پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا، باقی تمام معاملات پر بات کی جاتی ہے۔