فوج کی جانب سے آپریشن شعبان خوش آئند، علاقے میں امن اور عوام کو تحفظ فراہم ہوگا، ہنہ اوڑک کے مکینوں کا اظہار اطمینان

کوئٹہ (بلوجستان نیوز) بلوچستان میں ہنہ اوڑک اور زیارت سانحات کیخلاف فوج کی آپریشن شعبان کے نام سے کارروائیوں پر عوامی حلقوں کا اظہار اطمینان۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے تسلسل میں پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا ”آپریشن شعبان“ جاری ہے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی ہلاک کیا جاچکا، آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔فوج کے تعاون سے جاری آپریشن شعبان پر عوامی حلقوں بالخصوص ہنہ اوڑک کے علاقہ مکینوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے علاقہ مسلح گروہوں سے پاک اور عوام کو تحفظ فراہم ہوگا۔ آپریشن شعبان میں متعدد دہشتگردوں کی ہلاکت سے علاقے میں امن و امان کی فضا قائم اور مسلح گروہ ریاستی رٹ کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ہنہ اوڑک کے مکینوں نے آپریشن شعبان شروع کرنے پر فوج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے آپریشن کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔