سرانان (یو این اے) پشین سرانان میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹھکانوں کو گھیرے میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی انتہائی محتاط انداز میں کی گئی، جبکہ ممکنہ طور پر علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے مختلف راستوں کی ناکہ بندی بھی کی گئی۔ کارروائی کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے سرانان کے متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا۔ سیکورٹی اہلکار مختلف مقامات کی تلاشی لے رہے ہیں جبکہ مشتبہ افراد اور ٹھکانوں کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
سرانان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، سرچ آپریشن جاری
