کوئٹہ (ویب ڈیسک) حب اور گڈانی میں دو مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئیں، متوفی حب کے علاقہ جام کالونی اور گڈانی کے رہائشی تھے۔ اس حوالے سے ایدھی ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حب دارو ہوٹل کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں یونس ولد موسیٰ نامی موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لاش حب اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی متوفی حب کے علاقہ جام کالونی کا رہائشی تھا، مزید برآں گڈانی پولیس کے مطابق گزشتہ شب گڈانی میں تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے کے نتیجے میں سراج نامی موٹر سائیکل سوار نوجوان گر کرجاں بحق ہوگیا لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی متوفی گڈانی کا رہائشی تھا۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی نصیرآباد کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں نصیرآباد پولیس نے منجھوشوریٰ کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد دو مبینہ ڈاکوﺅں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایچ او جاوید احمد کھوسہ، ایس ایچ او عبدالرﺅف جمال اور ایس ایچ او حبیب اللہ لاشاری کی مشترکہ قیادت میں کی گئی۔ دوران کارروائی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی میں دونوں مبینہ ڈاکو زخمی ہوگئے اور گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی کامران نواز پنجوتھا نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔
حب، گڈانی میں دو مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق، منجھوشوریٰ میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
