جعفر ایکسپریس کو تیسرے روز بھی کوئٹہ آنے سے روک دیا گیا، جیکب آباد اسٹیشن پر سیکڑوں مسافر گرمی میں بے یارو مددگار

کوئٹہ (ویب ڈیسک) جعفر ایکسپریس تیسرے روز بھی جیکب آباد میں قید، سوار600 مسافر گرمی کے عذاب میں مبتلا، کوئٹہ جانے والی ٹرین روک دی گئی، مسافر پانی اور بجلی کو ترس گئے، ریلوے انتظامیہ کی بے حسی، جعفر ایکسپریس کے سیکڑوں مسافر جیکب آباد میں پریشانی سے دوچار، شدید گرمی۔ جیکب آباد اسٹیشن پر مسافروں کی چیخ و پکار، جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ، جیکب آباد اسٹیشن مسافروں کے لیے اذیت گاہ بن گیا۔ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک کر اس کی کوئٹہ روانگی منسوخ کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلسل تیسرے روز بھی ٹرین کو جیکب آباد سے آگے جانے کی اجازت نہ مل سکی جس کے باعث تقریباً 600 مسافر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر پینے کے صاف پانی اور بجلی کی سہولت بھی میسر نہیں جبکہ شدید گرمی اور حبس کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کی حالت غیر ہو رہی ہے۔ کئی مسافر گھنٹوں سے پلیٹ فارم پر بے یار و مددگار بیٹھے اپنی منزل تک پہنچنے کے منتظر ہیں۔متاثرہ مسافروں نے ریلوے حکام اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین کی روانگی کے حوالے سے فوری اور واضح معلومات فراہم کی جائیں اور اسٹیشن پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کی مشکلات میں کمی آسکے۔