سردار نصیر موسیانی کے گھر چھاپے، گرفتاریوں، خلیل موسیانی و دیگر کی شہادت کیخلاف بی این پی کا بلوچستان بھر میں احتجاج

کوئٹہ (سٹی رپورٹر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر خضدار کے علاقے زہری میں سردار نصیر موسیانی کے فرزند سردار زادہ خلیل موسیانی ،عمیر سمالانی کی شہادت اور ان کے دوسرے فرزندوں و دیگر رشتہ داروں ، ساتھیوں کی گرفتاریوں ، چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے خلاف صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ احتجاجی مظاہروں میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے سردار نصیر موسیانی کے فرزند سردار زادہ خلیل موسیانی ،عمیر سمالانی کی شہادت اور ان کے دوسرے فرزندوں و دیگر رشتہ داروں ، ساتھیوں کی گرفتاریوں ، چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے بلوچوں اور پشتونوں کو قتل یا لاپتا کر کے ہر چیز کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے تو یہ ان کی بھول ہے۔ بلوچستان میں ہمارے وسائل لوٹے جاتے ہیں، ہمارے نوجوان مارے جاتے ہیں یا لاپتا کیے جاتے ہیں یہاں تک کہ خواتین بھی اب یہاں محفوظ نہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہر ظلم کیخلاف آواز اٹھاتی رہے گی، ہم مشکل کی اس گھڑی میں سردار نصیر موسیانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم میر زہری خان اور دیگر تمام افراد کی بحفاظت رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں جو ابھی تک قید ہیں۔ سردار نصیر موسیانی کے فرزند سردار زادہ خلیل موسیانی، عمیر سمالانی کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔