کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے مانگی کے مقام سے اغوا کیے جانے والے ہرنائی کے معروف سیاسی و قبائلی رہنما ملک شین گل ترین کی شہادت پر گہرے دکھ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ترین خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ 21 مئی کو مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ملک شین گل ترین کی شہادت کی خبر انتہائی دلخراش ہے۔ انہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور قبائلی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار اور ہر دلعزیز شخصیت تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔حاجی نور محمد خان دمڑ نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کی لاش کی منتقلی اور اس سلسلے میں درپیش تمام امور کے لیے صوبائی حکومت اور وہ ذاتی طور پر غمزدہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور کٹھن وقت میں لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدامنی کے ایسے واقعات معاشرے کے امن اور بھائی چارے کے لیے نقصان دہ ہیں، اور حکومتِ بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید ملک شین گل ترین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
دہشتگردوں کے ہاتھوں شین گل ترین کی شہادت دلخراش سانحہ ہے، لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، نور محمد دمڑ
