پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن اور دفاعی توازن کی ضمانت؛ یومِ تکبیر پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنے خاص پیغامات جاری کیے ہیں۔یوم تکبیر 2026ء کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے ملک کو ناقابلِ تسخیر دفاع اور اسٹریٹیجک خودمختاری فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ یہ دن قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی علامت ہے۔اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی دفاع اور سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر ملکی سائنسدانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان شخصیات کی قربانیوں اور محنت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔آصف زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے فیصلے پر ثابت قدم رہا۔ ملک کی دفاعی حکمت عملی نہ صرف قومی سلامتی بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔آصف علی زرداری نے جدید جنگی رجحانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں سائبر وار فیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی جنگی حکمت عملی میں فیصلہ کن اہمیت اختیار کریں گے، لہٰذا پاکستان کو ان شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے اور اس کے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی وحدت اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا تھا۔