ماخذ: یو این اے
بختیار آباد، سبی (یو این اے) نیشنل ہائی وے پر گزشتہ شب شدید بدامنی کے واقعات کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے تین مختلف مقامات پر مسافر کوچز کو فائرنگ اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا۔ بختیار آباد کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جبکہ ربی کے مقام پر بھی ایک اور کوچ کو روک کر مسافروں سے لوٹ مار کی گئی۔ اس کے علاوہ مٹھڑی میں مسلح افراد نے ایس ایس پی کچھی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، تاہم ایس ایس پی کچھی حملے میں محفوظ رہے لیکن ان کی گاڑی کے ٹائر برسٹ ہو گئے۔مسافر کوچز پر فائرنگ اور لوٹ مار کے ان پے در پے واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سبی میں ناڑی بینک کے مقام پر نیشنل ہائی وے کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بلاک کر کے دھرنا دے دیا۔ دھرنے کی قیادت ضلعی صدر ٹرانسپورٹ ساجد بنگلزئی کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلح ڈاکوں کی فائرنگ سے کوچ کا کلینڈر زخمی ہوا ہے اور آئے روز مسافر کوچز پر حملے و لوٹ مار معمول بن چکی ہے، مگر سبی و کچھی انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، قومی شاہراہ کی بندش اور دھرنا ناڑی بینک کے مقام پر بلا تعطل جاری رہے گا۔
