پاک فوج بھارتی پلانٹڈ فتنوں بی ایل اے، بی ایل ایف اور فتنہ الہندوستان کا قلع قمع کررہی ہے، بابر یوسفزئی

بابر یوسفزئی

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں فتنہ الہندوستان کے بیانیے کو شکست دی۔ حکومتی بیانیہ آج مقبول بیانیہ ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ بلوچستان میں ہماری بہادر افواج نے، ایف سی نے بھارتی سرپرستی میں پلنے والے 17 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ بلوچستان کا ضلح مستونگ ہے جہاں یہ کارروائی کی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے جس بہادری سے ان دہشتگردوں کا قلع قمع کیا ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت کی سرپرستی میں پلنے والی پراکسیز بی ایل اے، بی ایل ایف اور فتنہ الہندوستان یہ بلوچستان میں معصوم لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہنچاتے ہیں، بلوچستان کے عام شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچاتے ہیں، اور ہماری سیکورٹی فورسز کا، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا یہ واضح عزم ہے کہ بلوچستان کے ایک ایک انچ کو ان دہشتگردوں سے، ان فتنوں کے شر سے محفوظ بنائیں گے۔ ہماری سیکورٹی فورسز بلوچستان میں دیرپا امن کیلئے روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہی ہیں اور ان فتنوں سے بلوچستان کو پاک کررہی ہیں اس پر پاک فوج کو جتنا خراج تحسین پیش کروں کم ہے۔ بھارت کو گزشتہ سال جب معرکہ حق میں شکست ہوئی تھی تو اس نے اپنی اس شکست کا بدلہ لینے کیلئے، اپنی اس ہزیمت کو چھپانے کیلئے اپنی پراکسیز کو بلوچستان میں پلانٹ کیا، ان کو بلین آف ڈالر دیے جاتے ہیں کہ بلوچستان میں دہشتگردی کرو، بلوچستان کا امن سپوتاژ کرو لیکن ہماری سیکورٹی فورسز نے ان کی بلین آف ڈالر کی سرمایہ کاری کو بھی تباہ کردیا، ان کے جو فتنے تھے ان کو بھی ناکوں چنے چپوائے، اور اب روزانہ کی بنیاد پر ان کے فتنوں کو جہنم واصل کیا جارہا ہے، جس طرح افواج پاکستان نے بلوچستان کے عوام کو اعتماد دیا ہے کہ ہم آپ کی حفاظت کے ضامن ہیں، ہم آپ کے محافظ ہیں، ہمارے ہوتے ہوئے کوئی آپ کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔ بلوچستان کے عوام افواج پاکستان اور اپنے سیکورٹی کے اداروں کو سلام پیش کرتے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ہر بچے کی زبان پر آج یہی نعرہ ہے کہ پاکستان زندہ باد، بلوچستان پائندہ باد۔