کوئٹہ (بلوچستان نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری سے صوبے بھر کے وکلاءکی فلاح و بہبود اور انہیں مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے چار اہم نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں، جن کے تحت وکلاءکو گریڈ 18 کے سرکاری افسران کے مساوی طبی سہولیات، دورانِ فرائض دہشت گردی یا دیگر حملوں میں شہید ہونے کی صورت میں شہداءپیکیج، مالیاتی اداروں سے بلاامتیاز مالی سہولیات اور بڑی کمپنیوں و اداروں میں بطور قانونی مشیر خدمات انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدامات ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڑین دشتی ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایاز خان مندوخیل ایڈووکیٹ، محمد افضل حریفال ایڈووکیٹ، نجیب اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ اور نادر چھلگری ایڈووکیٹ سمیت پروفیشنل پینل کے دیگر رہنماﺅں کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ پروفیشنل پینل کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان نے لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کی دفعہ 11 کے تحت تمام سرکاری اور نیم سرکاری اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وکلائ، ان کی بیگمات اور زیر کفالت بچوں کو گریڈ 18 کے گزٹڈ سرکاری افسران کے مساوی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم اس کے لیے وکلاءکو متعلقہ بار کونسل کی تصدیق اور مستند آفیشل کارڈ پیش کرنا ہوگا۔ اسی طرح محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 13 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دورانِ پیشہ ورانہ فرائض دہشت گردی یا کسی دوسرے حملے کا نشانہ بننے والے وکیل کی شہادت کی صورت میں اس کے اہل خانہ شہداءپیکیج کے مستحق ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اہل خانہ کو مالی معاونت کی مد میں 90 لاکھ روپے تک معاوضہ فراہم کیا جاسکے گا، جبکہ متعلقہ ضلعی معاوضہ کمیٹی کیس کی مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائے گی۔ واقعے کے دو ہفتوں کے اندر کیس محکمہ داخلہ کو ارسال کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 5 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔ محکمہ خزانہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 12 پر عملدرآمد کے لیے تمام مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وکلاءکو بلاامتیاز تمام مالی سہولیات فراہم کریں۔ کسی بھی وکیل کے ساتھ امتیازی سلوک یا خلاف ورزی کی صورت میں متاثرہ وکیل کی شکایت پر متعلقہ اتھارٹی کارروائی کرے گی۔ مزید برآں محکمہ قانون و پارلیمانی امور بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 10 پر عملدرآمد کے لیے سرکلر جاری کیا ہے، جس کے تحت 20 ملین روپے سے زائد ادا شدہ سرمایہ رکھنے والی ہر رجسٹرڈ کمپنی، خودمختار ادارے، کارپوریشن اور قانونی اتھارٹی کے لیے کم از کم ایک پریکٹسنگ وکیل کو ریٹینر شپ کی بنیاد پر قانونی مشیر مقرر کرنا لازمی ہوگا، جبکہ کوئی بھی وکیل بیک وقت تین سے زائد ایسے اداروں میں قانونی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام نہیں دے سکے گا۔ پروفیشنل پینل کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وکلاءبرادری کی اجتماعی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پروفیشنل پینل کے قائدین محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور کردار کے ذریعے وکلاءکے مسائل کے حل اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ منیر احمد خان کاکڑ، جاڑین دشتی، ایاز مندوخیل، افضل حریفال، نجیب اللہ کاکڑ اور نادر چھلگری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، سیکرٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکرٹری لاءڈاکٹر پرویز نوشیروانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے نوٹیفکیشنز کا اجرا ہونا خوش آئند ہے۔ بلوچستان کی وکلاءبرادر ان کے کاوشوں کی معترف ہیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے وکلاء کیلئے صحت، شہداء پیکیج، مالی سہولیات اور قانونی مشاورت کے نئے مواقوں کا اعلان
