نوجوانوں کے پہاڑوں کا رخ کرنے کی ذمہ دار ریاست ہے، بلوچستان کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، نوابزادہ لشکری رئیسانی

نوابزادہ لشکرئی رئیسانی

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ(یو این اے) سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ محسن نقوی فارم 47 کی پیداوار ہیں، ہائبرڈ نظام کی ناکامی چھپانے کے لیے محسن نقوی جیسے لوگوں کے ذریعے ملک میں نئی افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بلوچستان ہماری قومی سرزمین ہے، جس کا صدیوں سے ہمارے آباﺅ اجداد اور قبائل نے دفاع کیا ہے، اس کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ نوجوانوں کے پہاڑوں کا رخ کرنے کی ذمہ دار ریاست ہے، جب نوجوانوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا تو وہ دوسرا راستہ اختیار کریں گے۔ بے روزگاری اور محرومی کے باعث بلوچستان کی قومی وحدت متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہے، لیکن بدقسمتی سے یہاں نوجوانوں میں احساس محکومی بڑھتا جارہا ہے۔ ہم اپنے ہی وطن میں بے وطن ہوکر رہ گئے ہیں۔