ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے)بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں صوبے سے سرداری نظام کے خاتمے اور اس حوالے سے 1976 میں منظور کیے گئے قانون پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایک قرارداد پیش کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرداری نظام کے خاتمے کا قانون 1976 میں منظور کیا گیا تھا، تاہم بلوچستان کے بعض علاقوں میں آج بھی اس نظام کی باقیات موجود ہیں جس کے تحت غیر قانونی اختیارات، جبری مشقت اور استحصال کا سلسلہ جاری ہے۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرداری نظام انسانی آزادی، عزتِ نفس اور آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کے سراسر منافی ہے، جبکہ اس نظام کی رکاوٹوں کے باعث عام شہریوں کو انصاف، تعلیم، صحت اور زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متن میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں سرداری نظام کے خاتمے کے قانون 1976 پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قانون کے نفاذ کے لیے ایک مثر نگرانی کا نظام قائم کرے اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ بلوچستان کے عوام کو جاگیردارانہ اور استحصالی نظام سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔
