کوئٹہ (آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک اور بلوچستان کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور پاکستان اس وقت خطے کے سب سے بڑے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل کی فراوانی کے باوجود عوام مسائل کا شکار ہیں جبکہ روزگار، تجارت اور امن و امان کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہی تمام مسائل کا حل فراہم کرتا ہے اور حکمرانی کا حق صرف عوام کو حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں افواج منتخب حکومتوں کے ماتحت کام کرتی ہیں اور پاکستان میں بھی عوام کو آزادانہ طور پر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر ٹرکوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی فریق کی جانب سے ان واقعات میں ملوث ہونے کی تردید کی جاتی ہے تو پھر ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور ہر طرف قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں تجارت پر عائد پابندیوں کو عوام کے روزگار کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چمن سے کوئٹہ تک تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں نے ہزاروں خاندانوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسائل پر بین الاقوامی کمپنیوں کی نظریں ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ مقامی آبادی کے حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔اپوزیشن لیڈر نے بلوچ اور پشتون عوام کو بھائی قرار دیتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عدلیہ کی خودمختاری، شفاف انتخابات اور عوامی نمائندگی کے نظام کو مضبوط بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
بلوچستان کے وسائل پر بین الاقوامی کمپنیوں کی نظریں ہیں، محمود اچکزئی
