ماخذ: آئی این پی
اسلام آباد (آئی این پی) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو قانونی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف بلڈنگ کنٹرول (ساﺅتھ) کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی(ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم اسلام آباد کی عمارت تعمیراتی نقشوں کی منظوری حاصل کیے بغیر تعمیر کرنے پر باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023) کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی ہے۔سی ڈی اے نے مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نوٹس کے اجرا کی تاریخ سے 15 دن کے اندر عمارت کے تعمیراتی نقشے متعلقہ اتھارٹی میں جمع کروائے جائیں، بصورتِ دیگر سی ڈی اے آرڈیننس اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023 ) کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ڈی اے کے نوٹس میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں مدرسے کی عمارت کو سیل کیا جا سکتا ہے۔
