کوئٹہ، راولپنڈی (پ ر) بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک متاثر کرنے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دوسری کارروائی واشک میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا، آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا، برآمد کیا گیا دھماکا خیز مواد دیسی ساختہ بم بنانے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خاران اور واشک میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
