اسلام آباد (بلوچستان نیوز) سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نہ چھیڑ ملنگاں نوں! اگر میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو اس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائے گا، شریعت میں ایسی آنکھ کو پھوڑنے کا کوئی قصاص نہیں، نواز شریف کو کرپشن پر 10 سال ملک سے باہر رکھا، آصف زرداری کو 8 سال جیل میں رکھا لیکن آج وہ حکمران ہیں، ان کی کوئی اقدار نہیں۔ وہ اسلام آباد میں طلبا کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ ہمیں اشتعال دلانا چاہتے ہیں، ہم مشتعل نہیں ہونگے لیکن ایک حد ہوتی ہے، اگر میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو پھر اس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائے گا۔ شریعت میں اگر کوئی آپکے گھر کے اندر جھانکتا ہے تو اس کی آنکھ پھوڑنے کا کوئی قصاص نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نواز شریف کو آپ نے دس سال ملک سے باہر رکھا ، کرپشن کے الزام میں، آج وہ حکمران ہے۔ آصف زرداری کو آٹھ سال جیل میں رکھا، کہا کہ کرپٹ ہے، آج وہ صدر ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج آپ کو اندازہ لگاتا ہوگا کہ دھاندلی کرنے والے اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں لانے والے کس کیٹیگری کے لوگ ہیں، ان کا کوئی اقدار نہیں ہے، یہ خود اپنی ذات میں عزت والے نہیں ہیں، یہ طاقت کے بل بوتے پر رویوں کا تعین کرتے ہیں، اخلاق کی بنیاد پر نہیں کرتے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ صوبوں کے محصولات کا 18ویں ترمیم میں لکھا گیا تھا کہ بڑھ سکتے ہیں کم نہیں ہوسکتے۔ جب صوبوں کے محصولات بڑھ گئے تو ان کو تکلیف ہونے لگی۔ ایک اس پر نظر ہے اور ایک معدنیات پر نظر ہے، لوگوں کے سامنے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو 2010 سے لڑ رہے ہو۔ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ تم لڑ رہے ہو، دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے۔ پہلے فاٹا کے علاقوں میں ہوتی تھی، اب یہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت تک آگئی ہے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان تک آگئی ہے۔ اب اس کو بھی ذرا دیکھیں کہ یہ دہشت گردی آگے بڑھی ہے یا بڑھائی گئی ہے؟ بلوچستان اور کے پی میں یہ حالات پہلے کیوں نہیں تھے آج کیوں ہیں؟ ریاست اتنی کمزور کیوں ہے کہ دہشتگرد آگے بڑھ رہا ہے اور تم پیچھے آرہے ہو۔ دنیا چاہتی ہے ہم چین کا راستہ روک لیں، امریکا چاہتا ہے کہ ہم قبائلی پہاڑوں میں سرمایہ کاری کریں، امریکا کے اوول ہاﺅس میں صدر ٹرمپ کو معدنیات کے نمونے میں نے پیش کیے تھے؟ نمونے تم نے پیش کیے، تمہارا معاملہ ہے، ہم سرمایہ کاری کے خلاف نہیں، یہ بھی غلط ہے کہ چین کی سرمایہ کاری کا راستہ روکا جائے۔
’نا چھیڑ ملنگاں نوں‘ میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو اس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائیگا، مولانا فضل الرحمن
