جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سعودی کمپنی آرامکو کے منافع میں نو فیصد اضافہ

سعودی کمپنی آرامکو

ماخذ: آئی این پی

ریاض(آئی این پی ) سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے منافع میں رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران نو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کو اس اضافے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جنگ کے باعث ہونے والے اضافے سے فائدہ پہنچا، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود اس راستے سے تیل کی برآمدات بھی مضبوط رہیں۔بلومبرگ کے مطابق آرامکو کی ایڈجسٹڈ خالص آمدن یعنی ٹیکس اور دیگر اخراجات نکالنے کے بعد خالص منافع 28.6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 31.2 ارب ڈالر ہوگیا ہے، جو سالانہ بنیاد پر نو فیصد اضافہ ہے۔بلومبرگ کے مطابق کمپنی کا مجموعی خالص منافع 34.5 فیصد بڑھ کر 36.25 ارب ڈالر رہا۔ اس اضافے میں تیل کی بلند قیمتوں اور ریفائننگ کے شعبے میں بہتر آمدن کے علاوہ ملائیشیا کے ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل منصوبے میں اپنا حصہ فروخت کرنے سے حاصل ہونے والی رقم نے بھی کردار ادا کیا۔آرامکو کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج علاقائی صورتحال کے باوجود کمپنی کی مضبوط کارکردگی کا اظہار کرتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی آپریشنل مہارت، تیزی سے بحالی کی صلاحیت، کاروباری لچک اور ملازمین کی محنت نے ان نتائج کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔تاہم بی بی سی کے مطابق آرامکو کے چیف ایگزیکٹیو امین ناصر نے کہا ہے کہ کمپنی آبنائے ہرمز کے متبادل راستوں کے ذریعے تیل کی برآمدات بڑھانے اور بیرونِ ملک تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ان اقدامات میں سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک جانے والی تیل کی پائپ لائن کی گنجائش بڑھانے کا امکان بھی شامل ہے۔ یہ پائپ لائن مشرقی سعودی عرب سے خام تیل بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ینبع کی بندرگاہ تک پہنچاتی ہے اور آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ فراہم کرتی ہے۔آرامکو کے مطابق اس پائپ لائن کی موجودہ گنجائش روزانہ 70 لاکھ بیرل تیل منتقل کرنے کی ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران یہ پائپ لائن بھی متعدد مرتبہ حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔بلومبرگ کے مطابق تیسری سہ ماہی میں آرامکو کی آپریٹنگ سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی نقد رقم 38.7 ارب ڈالر رہی، جبکہ آزاد نقد بہا 28.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ کمپنی نے اس سہ ماہی کے لیے 21.9 ارب ڈالر کے بنیادی منافع کی ادائیگی کا بھی اعلان کیا ہے۔