ماخذ: آئی این پی
اوستہ محمد، تربت (آئی این پی) اوستہ محمد کے قریب سون واہ کے مقام پر تیز رفتار کار اور آٹو رکشے کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 10افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے چار افراد کو تشویشناک حالت میں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اوستہ محمد کے علاقے سون واہ کے قریب تیز رفتار کار اور آٹو رکشہ آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جان کالونی کا رہائشی نوجوان اسامہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 10افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق نوجوان سمیت تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال اوستہ محمد منتقل کیا گیا۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹر مقبول ڈاکٹر نصراللہ میمن اور ان کی ٹیم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ حادثے کے پیش نظر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا۔ زخمیوں میں عبدالحکیم، اکبر، عبدالرحمن، شادی خان، جواد، کامران شہزیب مسما ةبختاور اور مسماة پری شامل ہیں۔ چار شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔ دریں اثناءبلوچستان کے علاقے بلیدہ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت ہاشم عمر ولد نامعلوم، ساکن تربت کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر انتظامیہ نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی۔ تاحال واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
