ماخذ: آن لائن
قلات (آن لائن) پرنس محمد خان احمدزئی کی اہلیہ کی جانب سے شوہر کی بازیابی کے لیے بلوچ اقوام، مسلح تنظیموں اور سرکاری اداروں سے اہم اپیل، قلات (شاہی دربار)سے اہلیہ پرنس محمد خان احمد زئی (دختر شہزادہ موسیٰ جان احمد زئی بلوچ) نے ایک انتہائی اہم اور تشویشناک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر پرنس محمد خان احمد زئی کو لاپتا ہوئے تین روز سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے، جس سے پوری فیملی اضطراب اور ذہنی کرب میں مبتلا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاپتا ہونے کے دن ان کا اپنے شوہر سے رابطہ ہوا تھا، جس میں انہوں نے تسلی دیتے ہوئے کہا تھا کہ "آپ لوگ پریشان نہ ہوں، میں جلد واپس آﺅں گا”۔ تاہم، اس بات کو آج تین روز گزر چکے ہیں لیکن ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا ہے اور نہ ہی ان سے دوبارہ کوئی رابطہ ہو پایا ہے۔ اہلیہ پرنس محمد خان احمدزئی نے بحیثیت زوجہ اور تمام بلوچ اقوام کی بہن اور بیٹی کی حیثیت سے بلوچستان کی تمام مسلح تنظیموں اور سرکاری و سلامتی کے اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس تمام صورتحال کو واضح کریں تاکہ ان کا خاندان اس مسلسل قرب اور پریشانی سے باہر نکل سکے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ احمد زئی خاندان کی بلوچستان، اس کے عوام اور سر زمین کے لیے تاریخی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اس نازک وقت میں، انہوں نے بلوچستان کے تمام نوابوں، سرداروں، سیاسی رہنماﺅں اور معتبرین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بااثر کردار اور جدوجہد کو بروئے کار لائیں تاکہ پرنس محمد خان احمدزئی کی جلد از جلد باحفاظت بازیابی ممکن ہوسکے۔
