کوئٹہ سے شارجہ جانے والی ایئر عربیہ کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، روانگی معطل

کوئٹہ سے شارجہ جانے والی ایئر عربیہ

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ (یو این اے) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے شارجہ جانے والی ایئر عربیہ کی پرواز ٹیک آف کے دوران مبینہ طور پر دونوں انجنوں میں اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جہاز تیزی سے رن وے پر دوڑنے کے بعد اڑنے کے بجائے جھٹکے کھاتے ہوئے رن وے کے آخری حصے میں رک گیا۔ واقعے کے بعد پرواز منسوخ کرکے تمام مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پرواز کو اب کل صبح روانہ کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج 30 اکتوبر 2026 کو ایئر عربیہ کی شارجہ سے کوئٹہ آنے والی پرواز G9 567 اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی۔ پرواز نے مسافروں کو اتارنے کے بعد تقریباً ایک بجے کے قریب شارجہ کے لیے دوبارہ روانہ ہونا تھا، تاہم ٹیک آف کے دوران جہاز کے دونوں انجنوں میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی اور انجن بند ہوگئے ذرائع کے مطابق جہاز نے ٹیک آف کے لیے رن وے پر تیزی سے دوڑنا شروع کیا، تاہم پرواز بھرنے کے مرحلے میں اچانک انجنوں نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ انجن بند ہونے کے باعث جہاز نے فضا میں بلند ہونے کے بجائے رن وے پر ہی رفتار کم کی اور جھٹکے کھاتے ہوئے رن وے کے آخری مقام پر جا کر رک گیا۔ واقعے کے دوران جہاز میں موجود مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، ایک مسافر کے مطابق جہاز جب رن وے پر تیزی سے دوڑ رہا تھا اور اڑنے ہی والا تھا کہ اچانک انجن بند ہوگئے، جس کے بعد جہاز لڑکھڑانے لگا اور مسافروں کو شدید خوف محسوس ہوا۔ مسافروں نے اس دوران کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا اور کئی افراد انتہائی خوف زدہ ہوگئے مسافروں نے بتایا کہ جہاز رن وے کے آخری حصے میں رکنے کے بعد تقریبا آدھے گھنٹے تک وہیں کھڑا رہا، جس کے بعد اسے ایک مشین کی مدد سے واپس ٹرمینل کی جانب لایا گیا۔ بعد ازاں تمام مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔ یو این اے کے مطابق متاثرہ پرواز میں سوار مسافروں کی ایک بڑی تعداد عمرہ زائرین پر مشتمل تھی، جن میں بالخصوص بلوچستان کے اضلاع ژوب اور شیرانی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ مسافروں نے شارجہ پہنچنے کے بعد وہاں سے کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہونا تھا، تاہم پرواز میں اچانک فنی خرابی کے باعث ان کا سفر شدید متاثر ہوا پرواز کی منسوخی اور تاخیر کے باعث عمرہ زائرین سمیت دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ متعدد مسافروں کی شارجہ سے آگے کنیکٹنگ فلائٹس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایئر عربیہ کوئٹہ آفس سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث آج پرواز روانہ نہیں ہوسکی اور اب اسے کل صبح کوئٹہ سے شارجہ روانہ کیا جائے گا۔ تاہم ایئر لائن کے نمائندے نے جہاز کے رن وے پر پیش آنے والے واقعے کو کسی متوقع حادثے سے جوڑنے کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا، مسافروں کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران صورتحال انتہائی تشویشناک تھی اور اگر جہاز رن وے پر رکنے کے بجائے آگے نکل جاتا تو سنگین حادثہ پیش آسکتا تھا۔ مسافروں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور جہاز میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ حکام کی جانب سے جہاز کی تکنیکی صورتحال کا جائزہ لیے جانے اور فنی خرابی دور کرنے کے بعد ہی پرواز کو دوبارہ روانہ کرنے کی توقع ہے۔ مسافروں کو بتایا گیا ہے کہ پرواز اب کل صبح روانہ ہوگی، تاہم حتمی روانگی کا وقت فنی معائنے اور جہاز کی کلیئرنس سے مشروط ہوگا واقعے کے باعث کوئٹہ ایئرپورٹ پر موجود مسافروں میں بھی تشویش پائی گئی جبکہ عمرہ زائرین اپنے آئندہ سفر اور شارجہ سے کنیکٹنگ فلائٹس کے حوالے سے پریشان ہیں۔ مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایئر لائن انتظامیہ انہیں بروقت معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کنیکٹنگ پروازوں سے محرومی کی صورت میں متبادل انتظامات بھی یقینی بنائے۔