قلعہ عبداللہ، لورالائی (نمائندہ خصوصی) قلعہ عبداللہ میں فائرنگ، دو مزدور جاں بحق، لورلائی میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے دو مشین گن برآمد کرلیں۔ قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت باچا ولد زعفران اور شاہ محمد ولد فائی محمد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق قوم پوپلزئی سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ مزدوری کی غرض سے گلستان آئے ہوئے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ٹراما سنٹر میزئی اڈہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او پولیس تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی لورالائی سب انسپکٹر محمد شریف موسخیل کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان میں سید محمد ولد سلطان محمد قوم لونی اور سدو خان ولد باران قوم خروٹی ساکن قلعہ سیف اللہ کو گرفتار کرلیا ملزمان کے قبضے سے دو عدد مشین گن بمعہ کارتوس برآمد کر لیے گئے ہیں ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان لورالائی میں کسی واردات کی غرض سے آئے تھے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم سید محمد لونی دکی پولیس کے مقدمہ نمبر 05/022 بجرم ایکسپلوزیو ایکٹ، 302، 435، 427، 34 اور 7ATA میں سی ٹی ڈی کیساتھ زیرتفتیش تھا ایک اور مقدمہ نمبر 09/023 بجرم 324، 457، 506 میں بھی دکی پولیس کو مطلوب تھامزید تفتیش پولیس کررہی ہے
قلعہ عبداللہ میں فائرنگ سے 2 مزدور جاں بحق، لورالائی میں 2 ملزمان گرفتار، 2 مشین گن برآمد
