نصیر آباد، فائرنگ سے 2 اہلکار شہید، لسبیلہ میں پولیس کی چھینی گئی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا

نصیر آباد، فائرنگ سے 2 اہلکار شہید

ماخذ: آن لائن

کوئٹہ (آن لائن) نصیر آباد کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا، واقعہ کے بعد ورثاءنے لاشیں پٹ فیڈر کینال پل پر رکھ کر احتجاج کیا جس سے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگئی اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس کے مطابق گزشتہ روز نصیر آباد میں بالان شاخ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل احمد اور کانسٹیبل عبدالمالک کو ڈیوٹی کے دوران شہید کردیا اور فرار ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کے ورثا نے قومی شاہراہ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا جس میں علاقے کے لوگ معززین ، قبائلی معتبرین بھی شریک تھے احتجاج کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا قائمقام ڈی آئی جی معروف عثمان نے مظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا اور روڈ کو ٹریفک کی آمدو رفت کیلئے کھول دیا۔ دریں اثناءسیکورٹی فورسز کے عملے نے لسبیلہ پولیس کی چھینی گئی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لسبیلہ بائی پاس پر پورالی پل کے قریب سے نامعلوم دہشت گرد پولیس کی گاڑی اور اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے، سیکورٹی فورسز نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر ملزمان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے مذکورہ گاڑی، 2 ایس ایم جی، 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرکے قبضے میں لے لیا، مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔