اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن بھر میں جاری لڑائی میں گزشتہ ایک دن کے دوران 270 سے زائد حکومتی فوجی اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ دونوں فریقوں کے ذرائع نے منگل کو نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ سعودی عرب کی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے حوثیوں کے قبضے میں جانے والے علاقے واپس لینے کے لیے جوابی کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد سے لڑائی میں شدت آ چکی ہے۔ حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 115 فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ درجنوں دیگر لڑائی اور حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں زخمی ہوئے۔ تشدد کا مرکز جنوب مغربی یمن میں آبنائے باب المندب کے اردگرد کا علاقہ ہے، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے۔ دوسری جانب حوثی عسکری ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ ایک دن میں ان کے 160 جنگجو ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر ان علاقوں پر سعودی حملوں میں مارے گئے، جو ان کے زیر کنٹرول ہیں۔
