خیبر پختونخوا میں غیر یقینی سیاسی صورتحال، وزیراعلیٰ کی تبدیلی، گورنر راج کا امکان

خیبر پختونخوا گورنر راج

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاق اور خیبر پختونخوا کی حکومت کے درمیان کشیدگی کے باعث صوبے میں غیر یقینی سیاسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جہاں وفاق کی جانب سے صوبے میں گورنر راج سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے، وہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی جوابی وار کے لیے حکمت عملی طے کرلی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت صوبے میں گورنر راج یا ایمر جنسی لگانے کے آپشن پر غور کررہی ہے جبکہ تحریک انصاف بھی اسمبلی تحلیل کرنے یا وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے لیے آپشن پر غور کررہی ہے، 27 ستمبر کا احتجاج ملتوی کرنے کے بعد سیاسی حلقوں میں مخلتف تبصرے کیے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد خیبر پختونخوا اور وفاق کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں تو پی ٹی آئی بھی لانگ مارچ کے لیے بضد ہے، لانگ مارچ 27 ستمبر سے چار اکتوبر تک ملتوی تو کردیا گیا ہے لیکن کشیدگی بدستور ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی نااہلی، وزیراعلیٰ کو تبدیل کرنے یا ان ہاﺅس تبدیلی لانے، اسمبلی تحلیل کرنے سمیت وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔