کوئٹہ میں کم عمر طالبعلم کی گولی لگنے سے شہادت، حکومت متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرے، پی کے نیپ

پی کے نیپ

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مین سمنگلی ایئر بیس روڈ پر چلتے ہوئے چھٹی جماعت کے طالب علم محمد حمزہ ولد بشیر احمد، قوم بڑیچ، کو گولی لگنے سے شہادت کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔پارٹی نے کہا ہے کہ ایک معصوم طالب علم کی اس طرح شہادت نہایت افسوسناک اور تشویش ناک واقعہ ہے۔ بالخصوص یہ امر انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ واقعہ ایسے علاقے میں پیش آیا جہاں ایئر فورس کی تنصیبات اور سکیورٹی کے انتظامات موجود ہیں۔ اس صورتحال میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ سکیورٹی کے انتظامات کے باوجود فائرنگ کا واقعہ کیسے پیش آیا اور ایک معصوم طالب علم کی جان کیوں محفوظ نہ رہ سکی؟پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، فائرنگ کے محرکات اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، علاقے میں تعینات سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے اور دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام متعلقہ شواہد کی مدد سے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جائے۔پارٹی نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہید طالب علم کے خاندان کو انصاف فراہم کرنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے شہید محمد حمزہ کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں پارٹی سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پارٹی دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید طالب علم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔