چشمہ 5 پاکستان کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، منصوبہ سستی بجلی فراہمی کی بھی ضمانت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

چشمہ 5 جوہری بجلی گھر

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

میانوالی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 جوہری بجلی گھر کے گنبد کی تنصیب کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چشمہ 5 منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے اور یہ سنگ میل چین کے تعاون سے حاصل ہوا۔ انہوں نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے عوام کو صاف، سستی اور قابل اعتماد بجلی ملے گی، پاکستان اپنی محنت، لگن اور مسلسل کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔ میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ 5 پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس کا حصول چین کے تعاون سے ممکن ہوا، پاکستان چین کے تعاون پر شکر گزار ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 ملک کے لیے صاف اور قابل اعتماد بجلی فراہم کرے گا جبکہ یہ منصوبہ سستی بجلی کی فراہمی کی بھی ضمانت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کا تحفظ پاکستان کے عوام اور معیشت دونوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، یہ منصوبہ عوام کو صاف اور قابل خرید توانائی فراہم کرے گا، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہورہے ہیں، ایسے میں صاف توانائی کی فراہمی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چشمہ 5 چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا پاکستان کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، منصوبے کا سنگ بنیاد جولائی 2023 میں رکھا گیا تھا جبکہ اس کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان چینی صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے، چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کرکے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔