تربت، کلاتک میں مسلح حملے میں دو افراد ہلاک، ڈھاڈر میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

فائرنگ سے خاتون جاں بحق

ضلع کیچ کے علاقے تربت کلاتک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ کلاتک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک افراد کی شناخت صدام ولد عبد الحق رند اور ظہیر ولد کبیر علی کے نام سے ہوئی۔ دونوں کا تعلق سندھ سے بتایا گیا ہے۔ حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے، کسی کی جانب سے فوری طور پر واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں ڈھاڈر میں بدامنی کا سلسلہ برقرار، ڈھاڈر بائی پاس قومی شاہراہ پر گزشتہ شب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق گزشتہ شب ڈھاڈر بائی پاس قومی شاہراہ پر مسلح ڈاکوﺅں نے مبینہ طور پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم گاڑی نہ رکنے پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت مسماة (ف) سکنہ ٹیپل ڈیرہ مراد جمالی کے نام سے ہوئی ہے ڈھاڈر بائی پاس قومی شاہراہ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ ڈکیتی بدامنی سے عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔