پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، سومنات کی دھمکی دینے والوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، محسن نقوی

محسن نقوی

لاہور (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے‘ احتجاج کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا تاہم ملکی معیشت کا نقصان ضرور ہو گا۔ پیر کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے۔ حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرائے گی، یہ جس سوچ پر جا رہے ہیں اس سے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان کریں گے۔ پی ٹی آئی کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایسا نہیں ہو گا کہ وہ لوگ آ کر بیٹھ جائیں اور ملک 10 ، 20 دن کیلئے بند ہو جائے، ایسا کچھ نہیں ہو گا، ان سے نمٹنے کیلئے اس بار مستقل حل نکالیں گے۔ بار بار یہ چیزیں نہیں ہو سکتیں، اس بار حکومت انتشار کو برداشت نہیں کرے گی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کیلئے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اور کوئی لوپ ہولز نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے حوالے سے ان لوگوں کو بتانا ضروری نہیں ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو خود بھی پتہ نہیں ان کے مطالبات کیا ہیں؟ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ ہے تو وہ کل رات بھی ہوا۔ علاج کے حوالے سے قانون کے مطابق ہر سہولت فراہم کی جائے گی، ان لوگوں کے کہنے پر نہیں چلیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد میں موجود ان کی قیادت سے کئی مرتبہ کہا ہے کہ آپ کوئی بھی چیز اس طرح کے ڈراموں سے حاصل نہیں کر سکتے۔ اب بھی کہتا ہوں کہ ان کے پاس ابھی بھی وقت ہے اس بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔محسن نقوی نے کہا کہ پچھلے دس دن سے خیبر پختوںخوا کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ایک مسجد پر خودکش حملہ ہوا۔ اس کے علاوہ کئی حملوں میں ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں۔ افغانستان جب تک مسلح جتھوں کو نہیں روکے گا ، اس کیساتھ ہمارے حالات معمول کے مطابق نہیں آئیں گے۔تیل کی صورتحال کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کی وجہ سے ملک میں قیمتوں کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، گزشتہ روز بھی ہم نے بڑی مشکل سے اپنی شپ نکلوائی ہے، پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔نئے صوبوں سے متعلق بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، میرے خیال سے صوبوں کی تحریک بہت تیزی سے چل رہی ہے، بزنس کمیونٹی، کسان سمیت ہر طبقہ تحریک میں شامل ہو رہا ہےمیں بہت پر امید ہوں، اللہ تعالی نے چاہا اور عوام کی مرضی ہوئی تو صوبے ضرور بنیں گے۔