فلسطینیوں پر مظالم اور ناانصافیوں کیخلاف آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں، چین

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے آزاد فلسطینی ریاست کے لیے حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ فلسطین میں چینی سفیر سن ژِن نے میڈیا سے گفتگو میں فلسطینی کاز کے لیے چین کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین، فلسطین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط اور نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ فلسطینی رہنماﺅں سے ملاقات میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ناانصافیوں کی شدت کا مشاہدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین فلسطین میں انسانی امداد، ترقیاتی معاونت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال چین اور فلسطین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی تیسری سالگرہ بھی ہے۔