میر شفیق الرحمن مینگل کے مہمان خانے پر مسلح حملہ قابل مذمت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آڑنجی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور ممتاز قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمن مینگل کے مہمان خانے پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور میر شفیق الرحمن مینگل کے چار ذاتی محافظوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔