امریکا نے شام کو دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے نکال دیا

امریکا شام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے شام کو دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے نکال دیا جس کے بعد شام میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور عالمی مالیاتی نظام سے دوبارہ جڑنے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ختم ہوگئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ شام کو فہرست سے نکالنے کا فیصلہ پیر سے نافذ ہوگیا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 جولائی کو کانگریس کو شام کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے نکالنے کے ارادے سے آگاہ کیا تھا اور اس کے بعد 45 روزہ جائزے کا عمل مکمل ہوا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدامات شام کی نئی حکومت کی جانب سے کیے گئے مثبت اقدامات اور مزید یقین دہانیوں کو دیکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق صدر احمد الشرع کی حکومت نے شام کو عالمی دہشت گردی کی کارروائیوں سے مکمل طور پر دور رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ واضح ر ہے کہ امریکا نے شام کو 1979 میں دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ اس وقت واشنگٹن نے سابق صدر حافظ الاسد کی حکومت پر مسلح گروہوں کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔ حافظ الاسد کے بعد ان کے بیٹے بشار الاسد کے دور حکومت میں بھی شام اس فہرست میں شامل رہا۔ بشار الاسد کو دسمبر 2024 میں باغیوں کے اتحاد نے اقتدار سے ہٹا دیا تھا، جس کی قیادت موجودہ شامی صدر احمد الشرع نے کی تھی۔