خودکش حملوں کی منصوبہ بندی، پنجگور میں فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک

سیکورٹی فورسز

پنجگور (یو این اے) ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور آئی ای ڈی ڈیوائس برآمد کی گئی، جبکہ کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ گیری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے، جبکہ وہ خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کارروائی اور سرچ آپریشن جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔