نوشکی احمد وال اور نیشنل ہائی وے پر ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کو بحال کیا جائے، عوامی حلقے

ریسکیو 1122

نوشکی احمدوال کے عوامی حلقوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ احمدوال اور نیشنل ہائی وے 40 پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ریسکیو 1122 محض ایک ایمرجنسی سروس نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کی بقا کا ایک اہم ضامن ہے۔ رات کے وقت اس سروس کا معطل ہونا نہ صرف رخشاں ڈویژن کے عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے بلکہ یہ ایک ایسا اقدام ہے جو کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں ہلاکتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ نیشنل ہائی وے 40 شاہراہ کوئٹہ کو تفتان اور پاک ایران سرحد سے ملاتی ہے۔ اس پر دن رات ٹریفک، مال بردار گاڑیاں اور مسافر بسیں رواں دواں رہتی ہیں، جہاں رات کے وقت سڑک حادثات کا خدشہ دوگنا ہو جاتا ہے۔ سروس کی معطلی کی وجہ سے رات کے وقت ریسکیو 1122 کی خدمات کی عدم دستیابی کے باعث حادثات کے شکار افراد بروقت طبی امداد اور اسپتال منتقل نہ ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اگرچہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سروس کا معطل ہونا ایک حساس معاملہ ہے، لیکن اس کا حل سروس کی مکمل بندش کے بجائے متبادل اور محفوظ جگہ کا انتخاب ہے۔ احمدوال میں واقع رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اسپتال ایک ایسا محفوظ اور مناسب مقام ہے جہاں ریسکیو سینٹر کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔ RHC اسپتال میں ریسکیو ٹیم کی رات کے وقت موجودگی سے اسپتال میں پہلے سے سیکورٹی کا انتظام موجود ہوتا ہے، جس سے ریسکیو اہلکاروں اور سامان کی حفاظت یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ حادثات کے متاثرین کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد کے ساتھ ساتھ RHC میں فوری علاج میسر آسکے گا۔ RHC اسپتال سے ہائی وے تک رسائی انتہائی آسان ہے، جس سے ردِعمل کا وقت (Response Time) کم ترین سطح پر رہے گا۔ حکامِ بالا سے فوری مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 کو RHC احمدوال کے احاطے میں رات کے وقت کام کرنے کے لیے جگہ اور سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کریں۔ ڈپٹی کمشنر نوشکی علاقائی سطح پر سکیورٹی فراہم کرنے اور RHC اسپتال میں اس کی فوری منتقلی کے عمل کی نگرانی کریں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) نوشکی ریسکیو 1122 کے درمیان رابطہ کاری کو یقینی بنا کر انسانی بنیادوں پر اس مسئلے کا فوری حل نکالیں۔ ریسکیو 1122 جیسی بنیادی نعمت کو رات کے وقت بند رکھنا عوام کے ساتھ سخت ناانصافی ہے۔ امید ہے کہ انتظامیہ اس حساس اور اہم انسانی مسئلے کا فوری نوٹس لے کر عوامی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔